نئی دہلی:14/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے پرینکا گاندھی واڈرا کو کانگریس پارٹی کا ایگزیکٹو چیئرمین بنائے جانے کی قیاس آرائی کی تردید کی ہے۔پارٹی کے مرکزی ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے بیان جاری کرکے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی بیٹی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو کانگریس پارٹی کا ایگزیکٹو چیئرمین بنائے جانے کی قیاس آرائی غیر ضروری اندازوں پر مبنی ہے جن کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔وہیں پرینکا گاندھی کے دفتر کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی ہے، جس میں پرینکا گاندھی کو کانگریس کا ایگزیکٹو چیئرمین بنائے جانے کی باتیں کہی جا رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی کے ذاتی اسسٹنٹ پی سہائے کے مطابق ابھی تک اس سلسلے میں ایسی کوئی بحث نہیں کی گئی ہے۔غور طلب ہے کہ 8 اگست کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پرینکا گاندھی کو لے کر اس طرح کی قیاس آرائیاں سامنے آئی، کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے ہی پارٹی قیادت میں تبدیلی کا مسئلہ اٹھایا اجلاس میں کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے کانگریس پارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر پرینکا گاندھی کا نام بتایا۔